منگلورو 4؍جنوری (ایس او نیوز) منگلورواور اطراف کے علاقوں میں فرقہ وارانہ نفرت کے نتیجے میں ایک دوسرے پر جان لیو احملے کرنے کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا۔کاٹی پلامیں زعفرانی تنظیم سے وابستہ نوجوان کے قتل کے بعد رات کے وقت کوٹار چوکی اور سورتکل میں دو مسلمانوں پر جان لیوا حملے کیے گئے ہیں۔
سورتکل میں ایک مسلم نوجوان مبشر(22سال) پر تلوارسے حملہ کیاگیاجس سے اس کے سر پر گہرا زخم آیا ہے اور علاج کے لئے اسے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔جبکہ کوٹارچورکی علاقے میں چاقوکے حملے میں شدید زخمی ہونے والے نوجوان کی شناخت آکاش بھون کے رہنے والے بشیر(47سال) کے طور پر کی گئی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ایمبولینس ڈرائیور کے طور پر خدمات انجام دینے والے روہت اورشیکھر نے اپنی ڈیوٹی سے فارغ ہونے کے بعد گھر جاتے ہوئے ایک شخص کو کوٹار چوکی علاقے میں سڑک کے کنارے پڑا ہوا پایا۔قریب جاکر معائنہ کرنے پر اس پرچاقوسے جان لیوا حملہ کرنے کی بات سامنے آئی۔ روہت اور شیکھر نے پولیس کو اس کی اطلاع دینے کے بعد زخمی بشیر کو قریب کے ایک نجی اسپتال میں داخل کروایا۔
مقامی ایم ایل اے محی الدین باوا نے اے جے اسپتال اور یونٹی اسپتال پہنچ کروہاں داخل دونوں زخمیوں کی عیادت کی۔